کراچی: شہرمیں بلوچستان کی گرم وخشک ہواؤں کے اثرات زائل ہونا شروع ہوگئے،3روزکے دوران موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے،وسطی بحیرہ عرب پرموجود ڈپریشن کمزورہونے کے بعد دوبارہ ہواکے کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا۔
بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کے سبب شہرمیں کئی روزسے گرم وخشک موسم ریکارڈ ہورہاتھا، تاہم اب ہواؤں کی سمت دوبارہ تبدیل ہونا شروع ہوگئی ہےاورشمال مغربی ہواؤں کے اثرات بتدریج زائل ہوناشروع ہوگئے ہیں۔ اگلے12سے24گھنٹوں کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل فعال ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ تین روزکے دوران کراچی میں موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے،اس دوران نمی کاتناسب بڑھنے کے سبب حدت محسوس کی جاسکتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36تا38ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔بدھ کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.5ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 54فیصد رہا۔
وسطی بحیرہ عرب پرموجود ڈپریشن کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری 8ویں الرٹ کے مطابق سمندری دباؤ کمزورہوکرہوا کے کم دباؤمیں تبدیل ہوگیا ہے، اور کراچی سے اس کا فاصلہ 1150 اور گوادرسے830 کلومیٹرکے لگ بھگ ہے، ڈپریشن کا فاصلہ سلالہ سے490جبکہ عمان کے ساحلی مقام مسیرہ سے 190کلومیٹرہے۔