اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی وکلا کو انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس میں مزید التوا دینے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں انھیں ہیڈ لائن چاہیے لیکن سپریم کورٹ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی کیس کی سماعت ہوئی جو کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل تھے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا، اکبر ایس بابر عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل اکبر ایس بابر احمد حسن نے کہا کہ ایڈووکیٹ حامد خان کی التوا کی درخواست آئی ہے۔
چیف جسٹس نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ التوا کی درخواست کا پیراگراف نمبر دو پڑھیں۔ اس پر حامد خان کی فیملی مصروفیت کے بارے میں پیراگراف پڑھا گیا۔
یہ تو کسی ناول التوا کی درخواست ہے ایسی درخواست پہلے نہیں دیکھی، چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تو کسی ناول التوا کی درخواست ہے اس سے پہلے اس نوعیت کی درخواست نہیں دیکھی، یہ کیس 29 مئی کی مجوزہ کاز لسٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہونا تھا، ایڈووکیٹ علی ظفر کی چار جون تک عمومی التوا کی درخواست تھی، بینچ میں شامل ایک ممبر کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، ڈھولچیوں نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو بلے کے نشان کا کیس بنا دیا، ڈھولچی پہلے عدالتی فیصلے کو پڑھیں پھر تنقید کریں، باہر جاکر پراپیگنڈا کریں لیکن عدالت نہ آئیں یہ مناسب ہے۔
قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں نے اس سے پہلے آج تک ایسی درخواست نہیں دیکھی جس میں فیملی مصروفیت کے سبب التوا مانگا گیا ہو، فوتگی یا خرابی صحت کے سبب التوا ضرور مانگا جاتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے پوچھا کہ کیا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوگئے؟ اس پر اکبر ایس بابر نے کہا کہ 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے جو چیلنج ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اس کیس میں تو بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے تھے؟
چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا بھر میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ اپنی مرضی کا بنچ یا تاریخ مانگی جائے، ہم یہاں کسی کیلئے کوئی الگ قانون نہیں بناسکتے، ٹھیک ہے دس سال تک کیس نہیں چلانا چاہتے تو نہ چلائیں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ کار نہیں ہے کوئی جونیئر وکیل تک یہاں موجود نہیں ہے۔
انھیں ہیڈ لائن چاہیے لیکن سپریم کورٹ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی، چیف جسٹس
چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو نظرثانی میں وکیل تبدیل کرنے کا قانونی حق بھی موجود ہے، یہ واضح ہے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں،انھیں ہیڈ لائن چاہیے تھی لیکن سپریم کورٹ ایسی کوئی ہیڈ لائن نہیں دے گی۔
عدالتی حکم نامہ جاری
بعدازاں عدالت نے آج کا حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کے ذریعے ایڈووکیٹ حامد خان نے التوا کی درخواست دی جس میں فیملی مصروفیت کا ذکر کیا گیا، درخواست میں صرف بتایا گیا کہ فیملی مصروفیت ہے، کیا مصروفیت ہے وہ نہیں بتائی گئی اور نہ ہی ایڈووکیٹ آن ریکارڈ خود پیش ہوئے۔
اس کیس میں حامد خان کے علاوہ نیاز اللہ نیازی، اجمل طور، بیرسٹر گوہر بھی وکیل ہیں، اگر حامد خان دستیاب نہیں تھے تو کوئی اور وکیل پیش ہوسکتا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت اب قانون نے نظرثانی میں وکیل تبدیلی کا حق بھی دے رکھا ہے، کیس میں آئندہ مزید التوا نہیں دیں گے، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کی جاتی ہے اور اب کیس کی آئندہ سماعت 21 اکتوبر کو ہوگی۔
بعدازاں عدالت نے حکم نامے کی نقل وکلاء کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔