کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والےمسافر کوگرفتارکرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جناح ٹرمینل پرتعینات امیگریشن عملے نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر کو گرفتار کیا، ملزم نعیم خان فلائٹ نمبر UL-151 کے ذریعے ملائیشیا سے پاکستان پہنچا تھا۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کے دستاویزات کو مشکوک پایا گیا جبکہ پاسپورٹ پر پاکستان کی جعلی ایگزٹ اسٹیمپ لگی ہوئی تھی، ملزم کے پاسپورٹ پر 26 مارچ 2023 کی کراچی امیگریشن کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی،مذکورہ جعلی اسٹمپ کا آئی بی ایم ایس میں ریکارڈ موجود نہ تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ملائشیا میں مقیم بخت نواب نامی ایجنٹ سے مذکورہ اسٹمپ حاصل کی، جس کے لیے ایجنٹ کو 3400 رنگٹ ادائیگی کی، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔