ایک اندازے کے مطابق سمندر برد ہونے والے دنیا کے ایک مہنگے ترین جہاز میں 16 ارب پاؤنڈ مالیت کا نایاب خزانہ موجود ہے۔کولمبیا کے ساحل پر ملنے والے اس جہازکی ملکیت پر اس وقت بھرپور تنازع چل رہا ہے۔
ہسپانوی جہاز سان جوز 1708 میں آج کے پاناما سے کولمبیا کے شہر کارٹیجینا جاتے ہوئے ڈوبنے سے قبل 10 برس تک سمندروں کی موجوں میں سفر کرتا رہا تھا۔
یہ جہاز ان دو جہازوں میں سے ایک تھا جن کو ہسپانوی خزانے کے بیڑے کا حصہ بننا تھا۔ اس پر تین مستول، 64 توپیں اور تقریباً 600 افراد کا سخت جان عملہ تھا۔
سان جوز کے ساتھ اس کے آخری سفر پر تین ہسپانوی بحری جنگی جہاز اور 14 مرچنٹ جہاز تھے۔
اتنے بڑے کاررواں کے ساتھ چلنے کے باوجود یہ جہاز 300 برس قبل ایک لڑائی کے دوران برطانوی بحری جنگی جہاز نے ڈبو دیا تھا۔
اس وقت ہسپانوی جہاز میں سونے، چاندی اور زمرد کا کارگو تھا جس کے متعلق خزانہ تلاش کرنے والے پیشہ وروں کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس کی مالیت 16 ارب پاؤنڈز تک ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کولمبیا، اسپین، امریکا کی ایک کمپنی اور جنوبی امریکا کے مقامی لوگوں کے گروہ سب کے سب اس خزانے پر اپنا حق جتانے کی کوشش کر چکے ہیں۔
کولمبین حکومت اس بات پر قائم ہے کہ 2015 میں ملک کے ساحل سے ملنے والے خزانہ ان کا ہے۔