تل ابیب / واشنگٹن: غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہو گئی ہے، زمینی فوج کو فضائیہ کی مدد حاصل ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی دفاعی افواج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ‘محدود، مقامی اور ٹارگٹڈ چھاپے’ کے ساتھ زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اور آئی ڈی ایف آرٹلری علاقے میں فوجی اہداف پر درست حملوں کے ساتھ زمینی افواج کی مدد کر رہے ہیں، زمینی آپریشن کا مقصد سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانا ہے۔
خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق لبنان کی فوج سرحدی علاقوں سے چند کلو میٹر پیچھے چلی گئی ہے، جبکہ حزب اللہ کے نائب رہنما نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ ان کا گروپ اسرائیل کی زمینی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے، ایک سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ زور دار دھماکوں کا سلسلہ سنا گیا ہے، جس کے تقریبا ایک گھنٹے بعد اسرائیلی فوج نے رہائشیوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ لبنانی دارالحکومت کے جنوب میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے پر مشتمل عمارتوں کے قریب کے علاقوں کو خالی کردیں۔