ہنوئی: رواں سال ایشیا کے سب سے طاقتور طوفان ‘یاگی’ نے شمالی ویتنام سے ٹکرانے کے بعد کم از کم چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
انڈو پیسیفک ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بتایا کہ طوفان ہفتے کی صبح 203 کلومیٹر فی گھنٹہ (126 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ہائی فونگ اور کوانگ نینہ صوبوں سے ٹکرایا۔
دارالحکومت ہنوئی میں تیز ہواؤں اور اڑنے والے ملبے کی وجہ سے عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ درخت گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز شمالی صوبہ کوانگ ننہ میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہنوئی کے قریب ہائی دونگ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ اس علاقے میں 78 افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ایک درجن ماہی گیر سمندر میں لاپتہ ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہائی فونگ شہر میں دھاتی چھتوں کی چادریں اور تجارتی سائن بورڈ اڑتے ہوئے دیکھے گئے۔
ویتنام کے ساحلی قصبوں سے تقریبا 50 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور حکام نے شہریوں گھروں کے اندر رہنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ہنوئی سمیت 12 شمالی صوبوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔