ممبئی: بالی وڈ ادااکار ارشد وارثی نے فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ پر تنقید کرتے ہوئے پرابھاس کے کردار کو ’جوکر‘ کہا اور فلم سے مایوسی کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکار نے امیتابھ بچن کی اداکاری کی تعریف کی لیکن پرابھاس کے کردار کا ’میڈ میکس‘ میں میل گبسن سے موازنہ کرتے ہوئے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
ارشد وارثی کے تبصروں نے تنازعہ کھڑا کیا اور بالی وڈ بمقابلہ ٹالی وڈ کی بحث کو پھر سے زندہ کر دیا، جس کی وجہ سے پرابھاس کے مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل آیا۔
اب ’کالکی 2898 اے ڈی‘ کے ہدایتکار ناگ اشون نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے لوگوں سے نفرت نہ پھیلانے اور بھارتی فلم انڈسٹری میں اتحاد کی اپیل کی۔
ناگ اشون نے کہا کہ ارشد وارثی اپنے الفاظ کا بہتر انتخاب کر سکتے تھے لیکن انہوں نے بطور ہدایت کار اس تنقید کو سنجیدگی سے لیا ہے اور سیکوئل میں کردار کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اشون نے مداحوں سے مزید نفرت نہ پھیلانے کی درخواست کی اور کہا کہ پرابھاس بھی شاید اسی جذبے کے حامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ ’کالکی 2898 اے ڈی‘ ایک سائنس فکشن ایکشن ڈرامہ ہے جو بھارتی اساطیر سے متاثر ہے اور اس کا سیکوئل بنانے کی پہلے سے ہی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔