پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے سابق کپتان بابر اعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی ٹیم کے دروازے ان کے لیے بند نہیں ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے لیے لاہور میں ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا جس میں نئے کوچنگ اسٹاف سے بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ وہ بدستور ان کے پلانز کا حصہ ہیں، کسی بھی طرز میں ان پر قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے، جب ضرورت ہوئی موقع دیا جائے گا۔ کوچ نے ان سے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے مشورے بھی لیے، ساتھ یہ بھی استفسار کیا کہ وہ کس طرز کی کرکٹ کھیل کر زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اسی طرح شاہین شاہ آفریدی سے بھی مائیک ہیسن کی الگ ملاقات میں بات چیت ہوئی۔اسٹار بیٹر اور پیسر نے کوچ پر واضح کر دیا کہ وہ ریڈ اور وائٹ بال ہر فارمیٹ کیلیے دستیاب ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دورہ بنگلا دیش کے لئے بھی اسکواڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی شمولیت کا امکان معدوم لگنے لگا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ سمجھتی ہے کہ نئے کھلاڑی ہوم سیریز میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر چکے اور مزید مواقع پانے کے حقدار ہیں۔ البتہ شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم کی واپسی کا امکان روشن لگتا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گرین شرٹس کو آئندہ ماہ بنگلا دیش میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔ تاہم، ابھی تک میزبان بورڈ نے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔