کراچی:
مختلف عوامل کے باعث منگل کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس سے انٹربینک ریٹ 282 روپےسے تجاوز کر گئے۔
بیرونی ادائیگیوں کے لیے متعلقہ ریگولیٹر ادارے کی بڑھتی ہوئی طلب وخریداری سرگرمیوں، قبل از بجٹ درآمدی معاہدوں میں تیزی کے باعث منگل کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے ابتدائی دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 09پیسے کی کمی سے 281روپے 96پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن نئے وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکسز عائد ہونے کے ساتھ پرانے ٹیکسوں و ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی خبروں، بیرونی ذرائع سے نئے انفلوز کی آمد نہ ہونے سے ڈیمانڈ کے مقابلے میں مطلوبہ رسد نہ ہونے سے بعد دوپہر معیشت میں ڈالر کی طلب بڑھنے کے باعث ڈالر کی پیشقدمی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 12پیسے کے مزید اضافے سے 282روپے 17پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اس طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 11پیسے کے اضافے سے 284روپے 40پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔