اسلام آباد:
پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی اور ذوالحج کے چاند کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ملک میں عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ پر قیاس آرائیاں ختم ہونے کو ہیں۔ ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
محکمہ موسمیات اور سپارکو کے مطابق آج شام چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو فلکیاتی اصولوں کے مطابق رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے۔ اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو ہونے کا امکان ہے اور اگر یہی حساب برقرار رہا تو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون 2025 کو منائی جا سکتی ہے۔
اُدھر بین الاقوامی سطح پر بھی چاند کی رویت پر نظریں مرکوز ہیں۔ سعودی عرب میں بھی آج ہی ذوالحج کے چاند کی تلاش کے لیے فلکیاتی اجلاس ہوگا۔ سعودی ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ مقامی حالات کے مطابق چاند آج دکھائی دینے کی توقع ہے، جس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ وہاں عیدالاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے بھی اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔ اگر چاند آج نظر آ گیا تو یو اے ای میں بھی عید کی تاریخ 6 جون ہو سکتی ہے۔
اس طرح دنیا بھر میں عید کی ممکنہ تاریخوں میں ایک دن کا فرق متوقع ہے، جو رویت ہلال کے انحصار پر ہے۔ پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کی حتمی اعلان کا انتظار عوام شدت سے کر رہے ہیں تاکہ وہ قربانی اور عید کی دیگر تیاریاں مکمل کر سکیں۔