ارجنٹینا کے ایک سینما ہال میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’فائنل ڈیسٹینیشن: بلڈ لائنز‘ کی نمائش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب فلم کے ختم ہونے سے کچھ دیر قبل سنیما کی چھت کا ایک حصہ گِر گیا۔ اس حادثے کے باعث ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں جبکہ ہال کو بھی نقصان ہوا۔
فیاما نامی زخمی خاتون نے بتایا کہ وہ فلم دیکھنے میں مگن تھیں کہ ایک زوردار آواز آئی جسے وہ فلم کا حصہ سمجھ بیٹھیں، لیکن فوراً ہی چھت کا ایک بڑا ٹکڑا ان کے گھٹنے پر آ گرا، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ ان کے گھٹنے پر شدید چوٹ آئی ہے۔
فیاما نے بتایا کہ اگر وہ تھوڑا سا آگے نہ جھکی ہوتیں تو وہ پینل ان کے سر پر گر سکتا تھا، جس کے نتائج سنگین ہو سکتے تھے۔ انہوں نے سینما انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ اگر یہ چھت کر ٹکڑا ان کے ساتھ بیٹھی ان کی بیٹی پر آ گِرتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟
یہاں یہ بات حیرت انگیز اور قابلِ غور ہے کہ یہ واقعہ ایک ایسی فلم کے دوران پیش آیا جو غیر متوقع حادثات اور خطرناک اموات پر مبنی کہانیوں کے لیے مشہور ہے، جس سے حقیقت اور فکشن کے درمیان حیرت انگیز مماثلت پیدا ہو گئی۔