واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نہایت باصلاحیت اور اس کی قیادت بہترین ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کروانے میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر سیرل راما فوسا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا میں قیامِ امن سے متعلق اپنے مؤقف کو دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں کے درمیان مسئلہ شدت اختیار کر رہا تھا۔ پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں، جبکہ بھارت میں مودی میرا دوست ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت کو فوری جنگ بندی کرنے اور تجارت کرنے کو کہا، صدرٹرمپ
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے ساتھ بڑے تجارتی اور سفارتی معاہدے کر رہا ہے، اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے واشنگٹن بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی افواج کے معرکہ حق کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی 10 مئی کو ایک پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
تاہم بھارت کی جانب سے ان دعوؤں کو مسترد کیا گیا ہے۔ تین روز قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے ایک پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت فائربندی ایک مکمل طور پر دوطرفہ عمل تھا، اس میں امریکی صدر کا کوئی کردار نہیں تھا۔