کراچی؛ شدید گرمی سے شہریوں کے گردے متاثر، ماہرین نے خبردار کردیا

کراچی؛ شدید گرمی سے شہریوں کے گردے متاثر، ماہرین نے خبردار کردیا


کراچی میں گردے کے انفیکشنز کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے. طبی ماہرین نے خبردار کردیا ہے کہ پانی کی کمی اور پسینے کے باعث گردے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپتالوں میں مریض کمر کے نچلے حصے کے دونوں جانب درد، پیشاب میں جلن اور کمی،خون، پیپ اور بخار کے ساتھ داخل ہورہے ہیں۔ کراچی میں جاری گرم و مرطوب موسم کے باعث گردے کے انفیکشنز کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے کم استعمال، پسینے کے زیادہ اخراج اور جسم میں نمکیات کے جمع ہونے سے شہریوں کے گردے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ جناح اسپتال کراچی کی ماہر امراض گردہ (یورولوجسٹ) ڈاکٹر مہرین عروج نے کہا کہ گردے کے انفیکشن کی عام علامات میں کمر کے نچلے حصے کے دونوں جانب درد، پیشاب کرتے وقت جلن اور مقدار میں کمی، پیشاب میں خون اور پیپ آنا، اور بخار کے ساتھ شدید درد شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام علامات گردے میں انفیکشن یا سوزش کی نشاندہی کرتی ہیں جنہیں نظر انداز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ گرمیوں میں جسم سے اضافی پانی پسینے کی صورت میں خارج ہو جاتا ہے، جبکہ شہری عمومی طور پر پانی کم پیتے ہیں۔ اس سے گردے کی پانی کو فلٹر کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور نمکیات و منرلز گردے میں جمع ہو کر نہ صرف انفیکشن بلکہ پتھری کا سبب بھی بنتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صرف ایک ماہ میں گردے کے انفیکشن کے مریضوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے اور جناح اسپتال میں گردے کے انفیکشن کے اب روزانہ 150 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزانہ کم از کم تین لیٹر پانی پئیں تاکہ ان کے جسم سے ایک لیٹر پیشاب خارج ہو سکے جو گردے کی صفائی اور صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
 





Source link