محکمہ موسمیات کی کراچی میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی کراچی میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی



کراچی:

محکمہ موسمیات نے 21 تا 23 اپریل کے دوران شہر میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کردی اور بتایا کہ سمندری ہواؤں کی بندش اور نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق پیر تا بدھ(21تا 23اپریل) شہر میں گرمی کی شدید لہر کا امکان ہے، جس کے دوران سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے بھی ہوں گی۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ شہر میں بلوچستان کی شمال مغربی گرم ریگستانی ہواؤں کے اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری اضافے سے40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کےسبب  گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن میں گرمی کی لہرکے دوران عوام بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

مزید کہاگیا کہ دن کے وقت براہ راست تپش سے بچا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبے کے وسطی اور بالائی اضلاع میں جاری ہیٹ ویو کی صورت حال میں آج سے کمی کا امکان ہے۔

کراچی میں جمعے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.3 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ ہوا، دیہی سندھ کے شہید بینظیرآباد اور دادو کاپارہ 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔





Source link