نوشہرہ:
خیبرپختونخوا کے علاقے نوشہرہ میں رشکئی انٹر چینج کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے، جن کی شناخت سول جج ایڈمن مردان حیات اور دوسرے کی خالد خان ایڈووکیٹ کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ نوشہرہ میں رشکئی انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے سول جج ایڈمن مردان حیات اور خالد خان ایڈوکیٹ جاں بحق ہوگئے ہیں اور دونوں آپس میں رشتے دار تھے۔
نوشہرہ پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول خالد خان ایڈووکیٹ جاں بحق ہونے والے سول جج حیات کے بہنوئی تھے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع کے باعث پیش آیا اور ریسکیو 1122 نے بتایا کہ مقتولین کی لاشیں رشکئی سے نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے اور دو افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے موٹروے پر سینیئر سول جج حیات خان، وکیل خالد خان اور سابق ضلعی ناظم کوہاٹ اور ڈی آئی جی ملک سعد شہید کے بھائی ملک اسد پر قاتلانہ حملوں کا نوٹس لے لیا ہے۔
آئی جی کے پی نے ریجنل پولیس افسر مردان اور کوہاٹ سے مذکورہ واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور افسوس ناک واقعات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر ان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ جائے وقوع سے تمام تر شواہد اکٹھے کر کے ہر پہلو سے جامع تفتیش کرتے ہوئے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔