ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم نے کہا ہے کہ خواتین، بچوں اور یہاں تک کے جانوروں کے لیے بھی بھارت محفوظ ملک نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جان ابراہم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ بھارت کے مرد حضرات کو سمجھنا ہوگا کہ اُنہیں خواتین کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا چاہیے، اُن کی حفاظت کیسے کرنی چاہیے کیونکہ مرد ہی خواتین کے محافظ ہیں۔
جان ابراہم نے کہا کہ مردوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین کھلونا نہیں ہیں بلکہ وہ ہماری عزت ہیں، اگر ہم خواتین کی عزت کریں گے تو اس سے ہماری اپنی عزت کی حفاظت ہوگی۔
اداکار نے کہا کہ بھارت سے محبت کرنے والے لوگوں کو ملک کی خامیوں پر بھی تنقید کرنی چاہیے، ہمیں خاموش رہ کر اس جہالت کا حصہ نہیں بننا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ بھارت میں خواتین، بچے اور یہاں تک کے جانور بھی محفوظ نہیں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘بھارت مہان ہے’ کا نعرہ لگانے سے کچھ نہیں ہوتا، اگر واقعی بھارت سے محبت ہے تو یہاں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بھی اُٹھاؤ، مجھے بھی بھارت سے پیار ہے لیکن میں اس ملک میں ہونے والی جہالت پر تنقید بھی کروں گا۔
مزید پڑھیں: آیوشمان کھرانہ بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی بھارتی ڈاکٹر کی آواز بن گئے
جان ابراہم نے کہا کہ میں اپنی کوشش سے بھارت میں سماجی تبدیلی لانا چاہتا ہوں، ملک میں جانوروں کو ایک خاص حیثیت دلانا چاہتا ہوں۔
اداکار نے مزید کہا کہ بھارت میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کوئی قانون نہیں، خواتین اور بچے محفوظ نہیں، کیا اس عدم تحفظ پر کوئی مجھ سے بحث کرنا چاہے گا؟
واضح رہے کہ جان ابرہم کا یہ بیان کولکتہ ریپ کیس کے بعد سامنے آیا ہے، بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ ہفتے 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔
آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔
تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔