تامل اور ملیالم فلموں کے معروف سینیئر اداکار روی کمار مینن طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور جمعہ کی صبح چنئی کے ایک نجی اسپتال میں ان کا انتقال ہوا۔ اداکار کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ والد کی جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
جیسے ہی یہ خبر منظرِ عام پر آئی، سوشل میڈیا پر مداحوں اور فلمی حلقوں کی جانب سے تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا جانے لگا۔ مداحوں نے روی کمار کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک “ہمیشہ یاد رہنے والا اداکار” قرار دیا۔
روی کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1967 میں کیا لیکن انہیں شہرت ملیالم فلم “امّاں” سے ملی جس کی ہدایت کاری ایم کرشنن نائر نے کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور 100 سے زائد تامل اور ملیالم فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز میں بھی یادگار کردار ادا کیے۔
ان کی آخری رسومات ہفتہ کو چنئی میں ان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائیں گی، جہاں ان کے عزیز و اقارب، مداح اور ساتھی فنکار انہیں ہمیشہ کے لیے الوداع کہیں گے۔