اسلام آباد:
صحافی وحید مراد کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔
سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں صحافی وحید مراد کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کی، جس میں عدالت نے ایف آئی اے کو کل صبح کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔
دورانِ سماعت عدالت کی جانب سے اپیل قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا گیا۔ عدالت نے کہا کہ مجسٹریٹ کے آرڈر کے خلاف آپ کو ہائی کورٹ جانا چاہیے۔
ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظائر موجود ہیں، سیشن کورٹ میں ہی اپیل ہو گی۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجسٹریٹ کی جانب سے جسمانی ریمانڈ دیا جانا قانونی طور پر درست نہیں۔ عدالت ریمانڈ آرڈر کالعدم قرار دے کر جوڈیشل کر دے۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز وحید مراد کا 2 روزہ جسمانی منظور کیا تھا۔