جعلی ویزوں پر برطانیہ سیٹل ہونے کی کوشش؛ 25 طلبہ کا جسمانی ریمانڈ منظور

جعلی ویزوں پر برطانیہ سیٹل ہونے کی کوشش؛ 25 طلبہ کا جسمانی ریمانڈ منظور



اسلام آباد:

جعلی ویزوں پر برطانیہ سیٹل ہونے کی کوشش کرنے والے 25 طلبہ کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جعلی ویزوں پر برطانیہ سیٹل ہونے کی کوشش کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ایف آئی اے نے گرفتار 25 طلبہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کر دیا ۔

عدالت نے گرفتار 25 ملزمان (طلبہ) کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل کے حوالے  کردیا۔ ملزمان پر پاسپورٹس ٹیمپرڈ کرکے برطانیہ جانے اور وہاں سیٹل ہونے کی کوششوں کا الزام ہے۔

ملزمان کے وکلا نے عدالت میں دلائل دیے کہ گرفتار طلبہ معصوم ہیں، اصل قصوروار ایجنٹس ہیں جن کو ایف آئی اے نہیں پکڑتی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ یہی اصل بینیفیشری ہیں، جو گیم کرکے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ طلبہ ہیں، بچے تو نہیں کہ ان کو نہ معلوم ہو کہ گیم کیا ہوتی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے تفتیش کے لیے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔  ملزمان کو دوبارہ 21 جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔





Source link