اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کی تجویز پر دہشت گردی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھا کر قومی لائحہ عمل اپنانے کے لیے جلد ہی مشترکہ اجلاس طلب کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور مرکزی صدرعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حالات پر اہم مشاورت ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایمل ولی خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل بیٹھنے کی تجویز دی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایمل ولی خان کی تجویز سے اتفاق کیا اور ہفتے کے اندر اہم اجلاس پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق ہوا اور دہشت گردی کے خلاف مربوط اور مؤثر اقدامات کے لیے قومی سطح پر مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔