گورنر سندھ کی نیو کراچی میں 12 ویں سحری کے اجتماع میں شرکت، میڈیا سے گفتگو

گورنر سندھ کی نیو کراچی میں 12 ویں سحری کے اجتماع میں شرکت، میڈیا سے گفتگو



کراچی:

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نیو کراچی میں 12 ویں سحری کے اجتماع میں شرکت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ نے نیو کراچی کے رہائشیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسا استقبال اس سے پہلے نہیں دیکھا۔ انہوں نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے شہر کے لوگوں کے لیے کام کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج میں اجازت دیتا ہوں کہ جو کوئی اس شہر میں رہنے والوں کو تنگ کرے گا، نیو کراچی میں رہنے والا ہر بھائی کہے گا کہ میں گورنر کا بھائی ہوں، اور جب آپ یہ کہیں گے تو تنگ کرنے والا سو بار سوچے گا، اس کی ٹانگیں کانپیں گی۔”

کامران ٹیسوری نے پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج میں پی ٹی آئی کے دوستوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے نیو کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

پی ٹی آئی کے دور میں کیا یونیورسٹی بنی؟ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب حکمت عملیوں کی بدولت آج 50 ہزار بچے آئی ٹی کورس کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے قوم اور افواج پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ہماری فوج ہماری شان اور آن ہے، کل بولان کے واقعے میں سب سے پہلے افواج کے سپاہی پہنچے۔ کیا کوئی پی ٹی آئی والا پہنچا؟ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ اس ملک کو میلی آنکھ سے دیکھیں۔

 

گورنر سندھ نے شہر اور صوبے کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آج الحمدللہ جس سمت جا رہے ہیں اس شہر اور صوبے کے لوگ جڑتے چلے جائیں گے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

انہوں نے شہریوں کے لیے سستی بجلی اور روزگار کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ اگر اس صوبے کے نوجوان کو روزگار ملے اور اس شہر کی سڑکیں ٹوٹی ہوں تو کیا میں غلط ہوں؟

 

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے اتحاد ضروری ہے اور کہا کہ جب بھی پاکستان معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کرتا ہے، دہشتگردی کے ذریعے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس شہر اور صوبے کی ترقی کے لیے ثابت قدم رہنا ہوگا۔

 

کامران ٹیسوری نے آخر میں تعلیم اور ہنر کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی حاصل کرنا ہے، اور محنت سے ہی اللہ کی مدد ملے گی۔”





Source link