دبئی: پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو کر کراچی آنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو دبئی میں تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ انہیں امریکا واپس بھیجنا ایک نیا مسئلہ بن چکا ہے۔
اونیجا رابنسن 7 فروری کو کراچی سے پرواز ای کے 603 کے ذریعے دبئی پہنچیں، جہاں سے انہیں نیویارک روانہ ہونا تھا، لیکن انہوں نے اپنی پرواز چھوڑ دی اور دبئی میں قیام کر لیا۔
امریکی فیملی نے نیویارک میں ان کا انتظار کیا لیکن وہ نہ پہنچیں تو امریکی حکام نے تلاش شروع کی۔ دبئی کی سڑکوں پر ان کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اماراتی حکام نے انہیں تحویل میں لے لیا۔
اونیجا کسی قانونی خلاف ورزی کی مرتکب نہیں ہوئیں، کیونکہ وہ وزٹ ویزا پر دبئی میں موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں زبردستی امریکا ڈی پورٹ نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری طرف، کسی بھی ایئرلائن یا پائلٹ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 15 گھنٹے کی طویل پرواز میں انہیں لے جانے سے انکار کر دیا ہے۔
اب ممکنہ طور پر اونیجا کو امریکا واپسی کے لیے راضی کیا جائے گا، لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ معاملہ کب اور کیسے حل ہوگا۔