کراچی: سی ویو دو دریا کے مقام پر قائم نجی ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور شعلے دور سے دکھائی دینے لگے۔
تفصیلات کے مطابق دو دریا پر قائم ریسٹورنٹ میں اچانک آگ لگی جو چند منٹوں میں شدت اختیار کر کے پھیل گئی، آگ لگنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کا عملہ فائر ٹینڈر اور ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق عملے نے ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم عملہ کولنگ کے عمل میں مصروف ہے جبکہ ہوٹل بانسوں کا بنا ہوا تھا اور سمندری ہوا کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی جس کے نتیجے میں ریسٹورنٹ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ہوٹل خالی تھا تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ساحل پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور واقعے سے متعلق معلومات اکھٹی کیں۔