لاہور:
نیوزی لینڈ کے بیٹر گلین فلپس نے سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان کے خلاف دھواں بیٹنگ کے ذریعے شان دار سنچری بنانے کے بعد قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پچ بہترین تھی۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر گلین فلپس نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر پی سی بی نے بہترین کاوش کی ہے، اسٹیڈیم بہت خوب صورت بنا اور پچ بھی بہترین تھی۔
گلین فلپس نے کہا کہ پچ بہت اچھی تھی اور شروع میں تھوڑا وقت لگا ایڈجسٹ ہونے کے بعد رنز بنانا آسان ہو گیا کیونکہ ہم اپنے ہوم گراؤنڈ پر بھی اسپنرز کے ساتھ کھیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں صورت حال مختلف ہوگی اس کے مطابق حکمت عملی بنائیں گے۔
پاکستان کی بولنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو کھیلنے کے لیے کوئی خاص تیاری نہیں کی تھی، شاہین اور نسیم شاہ ورلڈ کلاس بولرز ہیں۔
گلین فلپس کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی سنچری بہت انجوائے کی، میں جس نمبر پر کھیلتا ہوں اس نمبر پر بڑی اننگز کھیلنے کا موقع کم ملتا ہے۔
نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر نے ساتھی کھلاڑی کے بارے میں کہا کہ رویندرا لائٹ میں گیند کو صحیح سمجھ نہیں سکے جس کی وجہ سے انہیں چوٹ لگی۔