فوٹو : فائل
انسان معاشرے میں دو چہروں کے ساتھ زندگی گزار سکتا ہے ، ایک اس کا مصنوعی چہرہ جس میں نرمی، خوش اخلاقی، شرافت اور اظہار محبت ہو، وہ باہر کی دنیا میں اسی چہرے سے اپنا تعارف کرائے، دوسرا چہرہ اس کا حقیقی چہرہ جس میں بد اخلاقی، سخت کلامی، غیظ و غضب اور درشتی و تندخُوئی ہو۔ لیکن شوہر اور بیوی کا تعلق چوں کہ ہر وقت کا ہوتا ہے، اس لیے یہاں مصنوعی اخلاق کے ذریعے اپنی بد اخلاقی کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ اسی لیے رسول اﷲ ﷺ نے بہترین شخص اس کو قرار دیا، جس کے اخلاق اچھے ہوں، پھر فرمایا کہ تم میں بہتر شخص وہ ہے، جس کا رویّہ اس کے گھر والوں کے ساتھ بہتر ہو اور یہ کہ میں تم سب سے زیادہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ بہتر برتائو کرنے والا ہوں۔ (سنن ترمذی) اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ رسول اﷲ ﷺ کی حیاتِ طیبہ اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کا بہترین نمونہ ہے۔
رسول اﷲ ﷺ کو ’’دعوت دین‘‘ علوم نبوت کی اشاعت اور مختلف قبائل کی دل داری کے لیے خصوصی طور پر چار سے زیادہ نکاح کی اجازت دی گئی تھی، چناں چہ بہ حیثیت مجموعی گیارہ پاک بیویاں آپؐ کے نکاح میں رہیں۔ ازواج کی کثرت کے باوجود آپ ﷺ کا اپنی ازواج کے ساتھ ہمیشہ اعلیٰ درجے کا سلوک رہا اور کیوں نہ ہو کہ اﷲ تعالیٰ نے بیویوں کے ساتھ بہتر سلوک کا حکم فرمایا ہے، مفہوم: ’’بیویوں کے ساتھ بہتر طریقے پر زندگی گزارو۔‘‘ (النساء) یہ اخلاق حسنہ کی ایک جامع تعبیر ہے۔ جس میں خوش اخلاقی، مروت اور پاس و لحاظ کی تمام صورتیں داخل ہیں اور آپؐ کی حیاتِ طیبہ اپنی بیویوں کے ساتھ اس مثالی طرز زندگی کی عملی شکل پیش کرتی ہے۔ مثلاً اگر شوہر اپنی بیوی کی تعریف کرے تو یہ اس کے لیے سب سے قیمتی سوغات ہوتی ہے۔ چناں چہ آپ ﷺ اپنی بیویوں کے لیے تعریفی کلمات بھی فرمایا کرتے تھے۔ حضرت عائشہؓ کے بارے میں فرمایا: ’’جیسے تمام کھانوں میں ثرید عمدہ ہوتا ہے، اسی طرح حضرت عائشہؓ تمام عورتوں میں بہترین عورت ہے۔‘‘ اُم المومنین حضرت خدیجہؓ کی وفات کے بعد بھی آپؐ ہمیشہ ان کا ذکر خیر فرماتے تھے۔ اسی لیے حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حالاں کہ میں نے حضرت خدیجہؓ کو نہیں دیکھا لیکن مجھے ان ہی پر سب سے زیادہ رشک آتا تھا، آپ ﷺ ان کا بار بار تذکرہ فرماتے۔ بکرا ذبح کرتے تو خود سے اس کے ٹکڑے کرتے اور حضرت خدیجہؓ کی سہیلیوں کو بھیجتے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’خدیجہ بڑی خوبیوں کی مالک تھی اور انھی سے مجھے اولاد حاصل ہوئی۔‘‘ (فتح الباری) اس کے ساتھ آپ ﷺ ازواجِ مطہراتؓ سے اپنی محبت کا اظہار بھی فرماتے تھے۔ آپؐ نے حضرت خدیجہؓ کے بارے میں فرمایا: ’’مجھ کو ان کی محبّت عطا فرمائی گئی ہے۔‘‘ (صحیح مسلم) حضرت عمرو بن عاصؓ نے ایک موقع پر دریافت فرمایا: ’’آپؐ کو سب سے زیادہ محبت کس سے ہے؟‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’عائشہ سے۔‘‘ اس سے معلوم ہُوا کہ اگر کوئی شخص لوگوں کے درمیان اپنی بیوی سے محبت کا اظہار کرے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ پھر آپؐ اپنے سلوک کے ذریعے بھی محبت کا احساس دلاتے تھے۔ چناں چہ آپ ﷺ بعض دفعہ حضرت عائشہؓ کو پیار سے ’’یا عائش‘‘ کہتے تھے۔ رسول کریمؐ نے نہ صرف خود ازواج مطہراتؓ کے ساتھ اس طرح محبت اور لگائو کا اظہار کیا، بل کہ اُمت کو بھی اس کی تلقین فرمائی۔ چناں چہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا، مفہوم: ’’تم جو بھی خرچ کروگے، اس پر اجر پائوگے، یہاں تک کہ جو لقمہ اپنی بیوی کے منھ میں رکھو گے، اس میں بھی اجر ہے۔‘‘ (سنن نسائی) آپؐ ہر قدم پر ازواج مطہراتؓ کی دل داری کا لحاظ رکھتے تھے۔ یہاں تک کہ سِن و سال کے تقاضوں کا بھی خیال فرماتے تھے۔ یہ عید کا دن تھا، حبشی لوگ ایسے خوشی کے موقع پر اپنے کرتب دکھاتے تھے۔ حضرت عائشہؓ کو ان کے دیکھنے کی خواہش ہوئی، تو آپؐ کھڑے ہوگئے اور حضرت عائشہؓ آپؐ کے مونڈھے پر ٹیک لگاکر حبشیوں کا نیزے کا کھیل دیکھتی رہیں اور جب تک خود تھک نہ گئیں، آپؐ ان کی رعایت میں کھڑے رہے۔ (صحیح مسلم) ایک مرتبہ حضرت صفیہؓ کو اونٹ پر بیٹھنا تھا، تو آپؐ نے اپنا گھٹنا کھڑا کردیا تاکہ آپؐ کے گھٹنے پر قدم رکھ کر حضرت صفیہؓ اونٹ پر چڑھ سکیں۔ (بخاری) ایک سفر میں انجشہ نامی ایک غلام اس سواری کو ہانک رہا تھا۔ جس میں بعض اُمہات المومنینؓ سوار تھیں، انجشہ اس طرح نظم پڑھ رہے تھے کہ اونٹ بہت تیز دوڑنے لگا، آپ ﷺ نے فرمایا: انجشہ! آہستہ، آہستہ! تم آبگینوں کو لے کر جارہے ہو۔ (بخاری) آپ ﷺ اعتکاف میں تھے، حضرت صفیہؓ آپ سے ملاقات کے لیے تشریف لائیں، جب واپس ہونے لگیں تو آپ ﷺ ان کو رخصت کرنے کے لیے مسجد کے دروازے تک آئے۔ ( بخاری) یہ بھی اظہار محبت کا ایک انداز تھا۔
آپ ﷺ اپنی ازدواجی زندگی میں اُمہات المومنینؓ کو روٹھنے کا حق دیتے تھے، تاکہ خواتین کی فطرت میں ناز کرنے کا جو وصف پایا جاتا ہے اس کا اظہار ہو اور اُمت کے لیے نمونہ مہیا ہو۔ پھر اگر کوئی بیوی خفا ہو جاتیں تو آپؐ کا رویہ نہایت مشفقانہ، کریمانہ اور دل دارانہ ہوتا، آپؐ ان کے مونڈھے پر دست مبارک رکھتے اور دُعائیہ کلمات ارشاد فرماتے، مفہوم: ’’اے اﷲ! ان کو معاف فرما دیجیے ، ان کے دل کے غصے کو دُور کر دیجیے اور ان کو فتنوں سے محفوظ رکھیے۔‘‘ (کنز العمال)
آپؐ کا معمول مبارک تھا کہ روزانہ دو مرتبہ تمام ازواج مطہراتؓ کے یہاں تشریف لے جاتے، ان کی خیریت دریافت کرتے اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارتے، ایک تو عصر کے بعد آپؐ کی تشریف آوری ہوتی۔ (بخاری) چناں چہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ آپؐ تمام ازواج مطہراتؓ کے پاس تشریف لے جاتے، اظہار محبت کے لیے ان پر ہاتھ رکھتے اور ایسا عمل کرتے جس سے تعلق کا اظہار ہو، یہاں تک کہ آخری گھر تک پہنچتے اور جن کی باری ہوتی، ان کے یہاں قیام فرماتے۔ (ابودائود) دوسرا فجر کے بعد مسجد میں تشریف فرما ہوتے اور صحابہ کرامؓ استفادہ کے لیے آپؐ کے گرد بیٹھ جاتے۔ پھر جب سورج طلوع ہوجاتا تو ہر بیوی کے پاس تشریف لے جاتے، ان کو سلام کرتے، انھیں دُعا دیتے اور جس کی باری ہوتی ان کے پاس مقیم ہوجاتے۔ (فتح الباری)
عورتوں میں زینت و آرائش کا جذبہ زیادہ ہوتا ہے۔ اسی لیے شریعت میں انھیں سونا اور ریشم استعمال کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ جس سے مردوں کو منع فرمایا گیا ہے، آپؐ عورتوں کے اس فطری جذبے کا بھی پورا خیال رکھتے تھے۔
جب اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ منافقین کے تہمت لگانے کے صدمے سے بیمار ہوگئیں تو آپ ﷺ ہمیشہ ان کی خیریت دریافت کرتے رہتے اور جب وہ اپنے والدین کے گھر چلی گئیں، ان کے گھر جاکر عیادت کی۔ آپؐ خبر گیر ی کرنے کے ساتھ اہل خانہ میں سے بیماروں کو دعا پڑھ کر دم بھی فرمایا کرتے تھے۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ جب آپؐ کے اہل خانہ میں سے کوئی بیمار ہوتا تو آپ اس پر معوذات پڑھ کر پھونکتے تھے۔ (صحیح مسلم)
بیوی کا ایک اہم حق اس کی مالی ذمے داریوں کو پورا کرنا ہے، جس کو اسلام نے شوہر پر لازم قرار دیا ہے۔ عام طور پر لوگ اپنے بیوی بچوں پر خرچ کرنے کو ثواب کا کام نہیں سمجھتے، آپ ﷺ نے اس کی نفی کی اور ارشاد فرمایا، مفہوم: ’’بہترین صدقہ وہ دینار (سونے کا سکہ) ہے، جو تم اپنے اہل و عیال پر خرچ کرتے ہو۔‘‘ ( صحیح مسلم) اسی طرح آپ ﷺ نے فرمایا، مفہوم: ’’کوئی شخص اپنی بیوی کو پانی پلائے تو اس میں بھی اجر ہے۔‘‘ (مسند احمد)
آپؐ ازواج مطہراتؓ سے بعض اہم امور میں مشورہ بھی فرماتے تھے اور ان کے مشوروں کو اہمیت دیتے تھے۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر صحابہ کرامؓ کو احساس تھا کہ یہ صلح مشرکین مکہ کی شرطوں پر ہوئی ہے اور ایک طرح سے مسلمانوں نے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ اس لیے دینی حمیّت کے تحت ان کا حال یہ تھا کہ آپؐ کے یہ اعلان کردینے کے باوجود کہ احرام کھول دیا جائے، صحابہؓ نے احرام نہیں کھولا، وہ چاہتے تھے کہ عمرہ کرکے ہی واپس ہوں، آپ ﷺ نے اس موقع پراُم المومنین حضرت اُم سلمہؓ سے صورت حال بیان کی، حضرت اُم سلمہؓ نے عرض کیا: آپؐ کسی سے کچھ نہ کہیں، بل کہ خود باہر نکل کر اپنے جانور کی قربانی کردیں اور بال مونڈھنے والے کو بلا کر بال منڈھالیں۔ آپ ﷺ نے اس مشورہ کو پسند فرمایا اور اسی پر عمل کیا۔ نتیجہ یہ ہُوا کہ صحابہؓ نے بھی اپنے جانوروں کی قربانی کردی، بال منڈھا لیے اور احرام کھول دیے۔ ( بخاری)
آپؐ اس بات کا بھی پورا خیال رکھتے تھے کہ ازواج مطہراتؓ کو آپؐ کے ذریعہ کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ حضرت عائشہؓ روایت کرتی ہیں کہ آپ ﷺ نے کسی بیوی یا خادم پر کبھی ہاتھ نہیں اُٹھایا، کبھی ان کے رُخسار پر نہیں مارا، نہ آپؐ کسی کو بُرا کہتے تھے، نہ ترش زبانی کرتے تھے، نہ سخت دل تھے۔ (ابودائود) جیسے آپ ﷺ ازواج مطہراتؓ کی ضروریات اور ان کی دل داری کا خیال رکھتے تھے، اسی طرح آپؐ ان کی تربیت پر بھی متوجہ رہتے تھے، رمضان المبارک کے اخیر عشرے میں ازواج مطہراتؓ کو آخر شب میں بیدار کرتے تھے، تاکہ وہ عبادت میں شامل ہوں۔ (ترمذی) حضرت عائشہؓ کو شب قدر کی دُعا سکھائی: ’’اے اﷲ! بے شک تُو معاف کرنے والا ہے اور معافی کو پسند کرتا ہے لہٰذا مجھے معاف فرمادے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ)
ایک موقع پر حضرت عائشہؓ سے فرمایا کہ گن کر خرچ نہ کرو، تاکہ تم کو بھی اﷲ کی طرف سے گن کر نہ ملے ، یعنی خوب خرچ کرو، تاکہ اﷲ کی طرف سے خوب ملے۔ (بخاری)
غرض کہ رسول اﷲ ﷺ اپنی ازدواجی زندگی میں بھی ایک محبت کرنے والے شفیق و کریم، قدردان، مزاج شناس اور بردبار شوہر تھے۔ سیرت طیبہؐ کے ان نقوش سے واضح ہوتا ہے کہ آج کے دور میں اگر ہم آپؐ کی ازدواجی زندگی کے روشن پہلوؤں کو پیش نظر رکھیں تو ہماری گھریلو زندگی کے بیشتر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ مزید واضح ہوتا ہے کہ ازدواجی تعلق کو نبھانے اور اس کے مسائل کو حل کرنے کی ذمے داری مرد پر عاید کی ہے۔ کیوں کہ وہ صلاحیت اور فہم و فراست میں عورت کی نسبت زیادہ قوت و استعداد کا حامل ہے۔ لہٰذا ہم اپنی گھریلو زندگی میں باہمی تعلقات کو خوش گوار بنانے کے لیے سیرت مبارکہ کے درخشاں اصولوں کو سامنے رکھیں تو ہماری زندگی بھی خوش گوار اور پرمسرت ہوسکتی ہے۔
اﷲ تعالی ہمیں سیرت رسول کریم ﷺ پر عمل پیرا ہونے کی کرامت عطا فرمائے۔ آمین