ممبئی: معروف پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں نے بھارتی کنسرٹس میں سیکنڈز کے اندر ٹکٹ “سولڈ آؤٹ” ہونے کے دعووں پر کڑی تنقید کی ہے۔
دی رنویر شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان ٹکٹنگ حکمت عملیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا جو مداحوں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہیں۔
اے پی ڈھلوں نے کہا: “یہ کہنا کہ 15 سیکنڈز میں شو کے ٹکٹ بِک گئے، سراسر غلط ہے۔ اصل میں یہ سب مارکیٹنگ کا کھیل ہے۔”
انہوں نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر ٹکٹ پہلے سے پروموٹرز کو فروخت کر دیے جاتے ہیں، جس کے بعد مداحوں کو انہیں مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: “ہمیں لگا کہ ہمیں بھی اس کھیل میں شامل ہونا چاہیے، لیکن پھر ہم نے سوچا کہ ہم ایسے کیسے اپنے مداحوں کے ساتھ دھوکہ کر سکتے ہیں۔”
اس بحث کے دوران اے پی ڈھلوں نے انکشاف کیا کہ انہیں گلوکار دلجیت دوسانجھ نے انسٹاگرام پر بلاک کر دیا ہے۔
بعض سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اے پی ڈھلوں نے ٹکٹوں کی فروخت کے عمل کو فراڈ قرار دے کر دلجیت دوسانجھ پر چوٹ کی ہے کیوں کہ ان کے کنسرٹس کے ٹکٹ فوری فروخت ہوجاتے ہیں