title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu کراچی؛ نشئی شہرکے انفرا اسٹرکچر کے لیے خطرہ بن گئے – 092 News

کراچی؛ نشئی شہرکے انفرا اسٹرکچر کے لیے خطرہ بن گئے

کراچی؛ نشئی شہرکے انفرا اسٹرکچر کے لیے خطرہ بن گئے


  کراچی: کراچی کے انفرااسٹرکچر کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی،شہر کے پل اور انڈر پاسز بھی ہیروئنچیوں سے محفوظ نہ رہ سکے،ناتھا خان برج کے نیچے سے سریے کا پورا جال نشہ کرنے والے افراد کاٹ کر لے گئے،  دیوار بھی زمین پر آگری۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے پل ،فلائی اوورز اور انڈر پاسز سمیت شہر کی دیگر املاک کو نشہ کرنے والے ہیروئنچیوں کی جانب سے نقصان پہنچانے اور سریا ودیگر املاک چوری کیے جانے کے واقعات میں خطرناک حدتک اضافہ ہوگیا ہے۔

حال ہی میں ناتھا خان برج کی مرمت کا کام بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے مکمل کیا گیا تھا تاہم چند روز بعد ہی پل کے نیچے سے ہیروئنچی سریے کا پورا جال کاٹ کر لے گئے جس کے باعث پل پر پھر شکاف پڑ گیا جبکہ ناتھا خان برج کی آہنی دیوار کا سریا بھی کاٹ لیا گیا جس کے باعث گذشتہ روز مذکورہ دیوار بھی زمین پر آگری۔

اسی طرح گولی مار فلائی اوور کی ڈرینیج کیلیے لگائی گئی موٹر کا پائپ بھی نشہ کرنے والے چوری کرکے لے گئے جس کے باعث حالیہ بارشوں میں کے ایم سی کے عملے کو پانی کی نکاسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دریں اثنا ناتھا خان برج کو دو ماہ کے دوران دوسری مرتبہ نقصان پہنچائے جانے کے باعث شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی جبکہ کے ایم سی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر پل کی مرمت اور آہنی دیوار کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے سینئر افسران اور شہر کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر کی املاک کی حفاظت کرنا شہری انتظامیہ اور پولیس اور سٹی وارڈنزکی ذمے داری ہے،لیکن ان کی عدم توجہی اور غیر ذمہ داری کے باعث شہر کی املاک کو ہیروئنچیوں کے حوالے کردیا گیا ہے جس کے باعث شہر کے انفرااسٹرکچر کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی  ہے۔

شہری حلقوں اور سینئر افسران نے شہر کے املاک کو نقصان پہنچانے والے نشے کے عادی افراد کیخلاف کارروائی اور روک تھام کیلیے وزیر اعلی سندھ،آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا  ہے۔

 

 





Source link