خیبر:
ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جب کہ ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 19 اور 20 دسمبر کی رات خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جس پر سیکورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارجیوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا، موثر کارروائی کے نتیجے میں چار خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کا ایک بہادر سپوت 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے کہتا آ رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔