اسلام آباد:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ میں آخری سانس تک عمران خان کی رہائی کے لیے کھڑی ہوں، پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے مجھے امید ہے وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق برہان انٹرچینج پر بشریٰ بی بی کی کنٹینر پر کھڑے ہو کر کارکنوں سے خطاب کی ویڈیو سامنے آگئی۔
انہوں ںے کہا کہ میرے بچو اور بھائیو جب تک عمران خان ہمارے پاس نہیں آجاتے، ہم نے یہ احتجاج ختم نہیں کرنا، میں اپنی آخری سانس تک وہیں کھڑی رہوں گی آپ لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہے اگر کوئی ساتھ نہیں دے گا تب بھی میں کھڑی رہوں گی۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ یہ صرف میرے میاں کی بات نہیں ہے، یہ اِس ملک اور اِس ملک کے لیڈر کی بات ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی۔
یہ کہہ کر بشریٰ بی بی نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاکر خطاب ختم کیا۔