title>Urdu News - Latest live Breaking News updates today in Urdu, Livestream & online Videos - 092 News Urdu پی ٹی آئی احتجاج، راولپنڈی ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل – 092 News

پی ٹی آئی احتجاج، راولپنڈی ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل

پی ٹی آئی احتجاج، راولپنڈی ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل



راولپنڈی:

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی ضلع و شہر کے داخلی و خارجی راستے مکمل سیل ہونے کے ساتھ شہر کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔  ٹی چوک، 26 نمبر چونگی ،فیض آباد، مندرہ، چکوال موڑ، جی ٹی روڈ، پارک روڈ، کلمہ چوک، ڈھوک سیدان روڈ، ٹینچ باٹا، منڈی موڑ،فورتھ ،ففتھ سکستھ ایونیو کو بند کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ناز سینما روڈ، راجہ بازار، گوالمنڈی، کچہری چوک کو بھی مکمل طور پر بند     کردیا گیا ہے جبکہ چکوال راولپنڈی روڈ بند،مری راولپنڈی روڈ بھی بند ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کیلیے غیرضروری سفر نہ کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

دوسری جانب سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی و دیگر افسران نے شرکت کی۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے سیاسی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی پی او کو بتایا گیا کہ امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے 6000سے زائد پولیس افسران واہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔

سی پی او نے ہدایت کی کہ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی کی جائے گی، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس تعینات رہے گی جبکہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ دستے تعینات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شرپسند عناصر اور قانون شکنوں کی شناخت کی جائے گی، امن وامان میں خلل،املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا، قانون کی عملداری کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا، قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔





Source link