کراچی: ویمنز ٹی 20 ورلڈ چیمپئن کیویز کے وارے نیارے ہوگئے، پہلی چمچماتی ٹرافی کے ساتھ 2.34 ملین ڈالر کا چیک بھی موصول ہوگیا، ٹورنامنٹ کی ریکارڈ انعامی رقم میں سے پاکستان ٹیم کو بھی کچھ حصہ ملے گا، ادھر امیلیا کیر نے عمدہ کارکردگی پر ’دادیوں‘ کا شکریہ ادا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے اتوار کی شب فائنل میں جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دے کر ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ ٹائٹل کا اعزاز حاصل کیا تھا، یہ ویمنز یا مینز دونوں میں نیوزی لینڈ کا پہلا عالمی ٹائٹل ہے، چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ٹیم کو 2.34 ملین ڈالر کا چیک بھی ملا، ایک بار پھر ٹائٹل کے قریب پہنچ کر خالی ہاتھ رہنے والی جنوبی افریقی سائیڈ کی تشفی بھی 1.17 ملین ڈالر سے کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح بن گئی
اس بار آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کی مجموعی انعامی رقم بھی تقریباً 8 ملین ڈالر کردی تھی ،یہ گذشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 225 فیصد زائد ہے، پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ جیتنے والی پاکستانی ٹیم بھی خالی ہاتھ نہیں رہے گی، آئی سی سی نے پانچویں سے آٹھویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو بھی فی کس 2 لاکھ 70 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا، اگرچہ فائنل رینکنگ سامنے نہیں آئی مگر پاکستان کے 8 ٹیموں میں رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب فائنل میں عمدہ کھیل پیش کرنے والی امیلیا کیر نے انکشاف کیا کہ اسکول میں پڑھنے کے دوران انھیں سینئر کھلاڑی سوفی ڈیوائن اور سوزی بیٹس بہت پسند تھیں، انھوں نے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ وہ ان دونوں کے ساتھ مل کر ورلڈکپ جیتنا چاہتی ہیں، اب یہ خواب سچ ہوگیا ہے، 24 سالہ امیلیا کیر نے فائنل میں 43 رنز بنائے جبکہ ٹورنامنٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں، انھیں میچ اور ٹورنامنٹ دونوں کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ سوفی ڈیوائن 35، سوزی بیٹس 37 اور لی تاہوہو 34 برس کی ہیں، کپتان سوفی ڈیوائن نے کہا کہ ٹیم میں مذاقاً ہمیں دادیاں اور مائیں کہا جاتا ہے۔