کراچی: سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنی مختصر کارروائی کے دوران یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ایک متفقہ قرادادمنظور کرلی جس میں دفاع وطن کے لیے لازوال قربانیاں پیش کرنے پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
جمعہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ایوان کی کارروائی کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا جس کے احترام میں اسپیکر سمیت تمام ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر کھڑے ہوگئے ۔
اس موقع پر وزیر داخلہ و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے ایک قرارداد پیش کی گئی جس کی حمایت ایوان میں موجود تمام پارلیمانی گروپوں نے بھی کی۔
قرارداد میں افواج پاکستان کی بے مثال اور لازوال قربانیوں پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع ، اندرونی اور بیرونی خلفشار کے روکنے کے لیے ہمیشہ اپنا جرات مندانہ کردار ادا کیا ہے۔
سندھ اسمبلی کا ایوان دفاع وطن میں مصروف اپنے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور سندھ اسمبلی وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو بھی سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ 6ستمبر کا دن وطن عزیز کے دفاع کے لیے تاریخی قربانی کو یاد دلاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے مقابلے کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا۔
اس موقع پر قائد حزب اختلاف علی خورشیدی ، جماعت اسلامی کے محمد فاروق، پیپلز پارٹی کی ماروی راشدی ، رکن اسمبلی اعجاز الحق نے بھی قرارداد کی حمایت میں اظہار خیال کیا بعدازاں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی اور اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا۔