کراچی:
کورنگی علاقے میں زیر زمین گیس کے اخراج سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر بڑھکنے والی آگ بدستور لگی ہوئی ہے اور اب تک کی کوششوں کے باوجود شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق آگ کے مقام پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں موجود ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں تیل، گیس اور پیٹرول کے فائر ایکسپرٹس نے بھی اس جگہ کا دورہ کیا ہے تاکہ آگ پر قابو پانے کے لیے ضروری تدابیر تجویز کی جا سکیں۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او نے ملٹری لینڈز کنٹونمنٹ کراچی ریجن کے سینیئر ٹیکنیکل اسٹاف سے بریفنگ بھی لی ہے۔
بورڈ کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر تعینات ہیں اور ملٹری لینڈز کنٹونمنٹ کراچی ریجن کے تمام اسٹاف بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ، فائر ٹینڈر بھی موقع پر موجود ہیں تاکہ آگ کو جلد از جلد بجھایا جا سکے۔
حکام کے مطابق آگ کے متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ ہو۔
دوری جانب، سوئی گیس حکام اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی ٹیمیں بھی سروے کر رہی ہیں تاکہ مسئلے کا فوری حل نکالا جا سکے۔