کراچی: کورنگی میں چار روز سے زیرزمین بھڑکتی آگ کو نہ بجھایا جا سکا، وجوہات تاحال نامعلوم

کراچی: کورنگی میں چار روز سے زیرزمین بھڑکتی آگ کو نہ بجھایا جا سکا، وجوہات تاحال نامعلوم


کراچی کے علاقے کورنگی میں زیر زمین گیس کے اخراج سے لگنے والی آگ کا معمہ کئی روز بعد بھی حل نہ ہوسکا، وجوہات کا بھی تعین نہ ہوسکا۔ چار روز قبل لگنے والی پراسرار آگ کی شدت کم نہ ہوسکی، آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سیکیوریٹی انتظامات بھی کڑے کردیے گئے۔

 عید کی تعطیلات میں من چلے نوجوانوں نے آگ کو تفریح کا ذریعہ بنالیا بڑی تعداد میں نوجوان آگ کے مقام کا رخ کرنے لگے جس پر انتظامیہ حرکت میں آگئی اور سیکیورٹی سخت کرکے آگ کے مقام تک جانے والا راستہ عوام کے لیے بند کردیا گیا۔

 دن کے وقت آگ محدود دکھائی دیتی ہے تاہم شام ڈھلتے ہیں آگ کی لپٹیں تیز ہوجاتی ہیں آگ کے ساتھ سیاہی مائل پانی بھی زمین سے باہر ابل رہا ہے اور اردگرد کی اراضی پر پھیل رہا ہے۔

 کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق آگ بدستور لگی ہوئی ہے آگ کی شدت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی، تیل،گیس اور پٹرول کے فائر ایکسپرٹ نے بھی دورہ کیا اس بارے میں سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ملٹری لینڈز کینٹونمنٹ کراچی ریجن کے سینئر ٹیکنیکل اسٹاف سے بریفنگ بھی لی جارہی ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آگ کے مقام پر کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیمیں تعینات کردی گئی  ہیں۔ملٹری لینڈز کینٹونمنٹ کراچی ریجن کے تمام اسٹاف موجود ہیں،کینٹونمنٹ بورڈ کراچی ریجن کے فائر ٹینڈر بھی موقع پر موجود ہیں۔

وقفے وقفے سے کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا دورہ بھی کررہی ہیں آگ سے متاثرہ مقام کو اطراف سے مکمل کارڈن کیا ہوا ہے سوئی گیس حکام اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی ٹیمیں بھی  سروے کررہی ہیں۔





Source link