شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ایک اور شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا، جس کے بعد رواں سال جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن رئیس امروہی کالونی گلی نمبر 10 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے 45 سالہ ظفر ولد عبدالستار نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول اسپتال میں دم توڑ گیا۔
حالیہ واقعے کے بعد رواں سال شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 29 ہوگئی۔ اس حوالے سے اقبال مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ظفر جمعرات کی دوپہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا جسے ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
بعد ازاں انھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ابتدائی طلاعات کے مطابق واقعہ رئیس امروہی کالونی گلی نمبر 10 میں پیش آیا تھا جہاں گلی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو نوجوانوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران ظفر جو کہ برف لیکر وہاں سے گزر رہا تھا کہ اس نے واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکو کو برف دے ماری اور ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔
ڈکیت کے دوسرے ساتھی نے ظفر کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، مقتول کے بھائی نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقتول بھائی 6 بچوں کا باپ اور زری کے کارخانے میں کام کرتا تھا جبکہ وہ اورنگی ٹاؤن سندھی محلہ کا رہائشی تھا۔