کراچی کے علاقے ہجرت کالونی اور بلوچ کالونی میں گھروں سے نوعمر لڑکی اور نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاشیں ملیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی ڈی ٹو ایریا گلی نمبر 12 کے قریب گھر نوعمر لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 15 سالہ ارم کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سول لائن خان محمد نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اہلخانہ واقعہ گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کا بتا رہے ہیں۔متوفیہ گزشتہ چار ماہ سے بیمار تھی جسے جھٹکے پڑتے تھے اور اس کا پشاور میں بھی علاج معالجہ کرایا گیا تھا۔
متوفیہ کے اہلخانہ ایک ماہ قبل ہی واپس اپنے گھر آئے تھے جو کہ مکان کی دوسری منزل پر کرایے پر رہتے ہیں جبکہ ان کا آبائی تعلق کوہاٹ سے ہے۔
تاہم، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی اور اس حوالے سے مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی عوامی چوک کے قریب گھر سے نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی ، جس کی اطلاع پر پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی جہاں متوفی کی شناخت 23 سالہ رحیم کے نام سے کی گئی۔
بلوچ کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی معلوم ہواہے۔ تاہم، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا حتمی تعین کیا جا سکے گا۔
تاہم، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔