کراچی:
حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے انٹر سال اول 2024 کے سالانہ امتحانات دینے والے طلبہ کو 15 اور 20 فیصد گریس مارکس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے نوٹیفکیشن صوبائی کابینہ کی جانب سے 15 اپریل کو منعقدہ اجلاس میں دی گئی منظوری کے ضمن میں جاری کیا گیا ہے جس کا اطلاق انٹر سال اول امتحانات 2024 پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ فیکیلٹیز پر ہوگا۔
اس حوالے سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکشن افسر برائے بورڈز شریف الدین کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں چیئرمین انٹر بورڈ کراچی سے کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے خصوصی کمیٹی کی جانب سے انٹر سال اول کے طلبہ کو کیمسٹری میں 20 فیصد جبکہ ریاضی اور فزکس میں 15/15 فیصد مارکس دینے کی منظوری دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ لہٰذا متعلقہ طلبہ کو گریس مارکس دینے کی صوبائی کابینہ کے اس فیصلہ پر اب مزید کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ اس وقت انٹر بورڈ کراچی میں کوئی مستقل چیئرمین نہیں ہے اور بورڈ کے چیئرمین کا چارج میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین کے پاس ہے۔