کراچی:
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت شہر میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران اسمگل شدہ ٹائرز کی ایک بڑی کھیپ برآمد کرلی۔
ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی رضا نقوی نے بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کسٹمز حکام نے سندھ رینجرز اور پولیس کے ہمراہ پرانی سبزی مندی یونیورسٹی روڈ پر قائم مختلف گوداموں پر چھاپہ مار کاروائی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں اسمگل شدہ ٹائرز برآمد کرلیے گئے ہیں، چھاپے کے دوران برآمد ہونے والے اسمگل شدہ ٹائرز کو ایک 40 فٹ کنٹینر اور 27 مزدا ٹرکوں کے ذریعے اے ایس او کسٹمز کے گودام میں منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں چھاپے کے دوران کسٹمز حکام کو شدید مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
رضا نقوی کے مطابق کسٹمز کا عملہ ضبط شدہ ٹائرز کی درست تعداد، سائز، برانڈ اور مالیت کا تعین کرنے میں مصروف ہے کیونکہ برآمد ہونے ٹائرز مختلف اقسام کے بنڈلز کی صورت میں برآمد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امکان ہے کہ اسمگلروں کے منظم گروہ کی جانب سے یہ ٹائرز افغانستان سے اسمگل کرکے بلوچستان پہنچائے اور بعدازاں انہیں منظم انداز میں کراچی پہنچا کر مختلف گوداموں میں ڈمپ کیے تھے جنہیں تھوک کی سطح پر فروخت کیا جانا تھا۔