کراچی:
اتوار کو شہر میں گرم ومرطوب دن ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب 60 فیصد ہونے کے سبب شہری گرمی سے بلبلا اٹھے اور درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں گرمی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تاہم نمی بڑھنے کی وجہ سے اصل درجہ حرارت 8 ڈگری زیادہ محسوس کی گئی جس کے سبب دوپہر کے وقت ہیٹ ویو جیسی صورت حال رہی اور شہری گرمی سے نڈھال ہوگئے۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق 26 اور 27 مئی کو شہر کا موسم انتہائی گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے اور پیر کو زیادہ سے زیادہ پارہ 40 جبکہ منگل کو 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
اس دوران نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت کے غیر معمولی اثرات نمایاں ہوسکتے ہیں، صبح کے وقت نمی کا تناسب 75 اور شام کو 60 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم و خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اتوار کو چھور، مٹھی اور سکرنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔