ڈنمارک میں 2040 تک ریٹائرمنٹ کی عمر کو بتدریج بڑھاتے ہوئے 70 سال تک کردیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈنمارک کی پارلیمان نے سرکاری اداروں میں مدت ملازمت سے متعلق ایک نیا قانون سے منظور کر لیا جس کے حق میں 81 جب کہ مخالفت میں صرف 21 ووٹ پڑے۔
پارلیمان سے منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت ملک میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو بتدریج بڑھا یا جائے گا جو 2040 تک 70 تک سال ہوجائے گی۔
اس وقت ڈنمارک میں ریٹائرمنٹ عمر 67 سال ہے جو 2030 میں 68 اور 2035 میں 69 سال ہو جائے گی۔
اگر ایسا ہوجاتا ہے تو ڈنمارک یورپی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی سب سے زیادہ عمر والا ملک بن جائے گا۔
یاد رہے کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں تبدیلی کا یہ قانون ان افراد پر ہوگا جو 31 دسمبر 1970 کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔
دنیا میں اوسط عمر میں اضافے اور بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لیے متعدد ممالک نے حالیہ برسوں میں ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے۔
روایتی طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال رہی ہے تاہم اب اس میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔
زیادہ تر یورپی ممالک میں اس وقت ریٹائرمنٹ کی عمر 63 سے 67 کے درمیان کردی گئی ہے۔