کراچی:
چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے کراچی پولیس پر بھتہ خوری اور ہراسانی کے الزامات پر عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سے انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار نے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے پر نوٹس لیا ہے اور آئی جی سندھ کو انکوائری اور سنیئر پولیس افسر کو انکوائری افسر نامزد کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ حکوتم سندھ ایس او پی پر اس کی روح اور ترجیحات کے عین مطابق چینی شہریوں کی سیکیورٹی کی پابند ہے اور ہدایت کی کہ چینی شہریوں کی “فول پروف سیکیورٹی” یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سرمایہ کاروں کے پولیس پر بھتہ خوری اور ہراسانی کے الزامات، سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور سندھ پولیس کا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو باہم روابط کے تحت سہولت اور سیکیورٹی فراہم کرنا ہے، نان سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا سندھ پولیس اور مقامی اسپانسرز کی ذمہ داری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ایس اوپی پر عمل درآمد کے لیے اسپانسرز کو وقتاً فوقتاً آگاہ اور ایس پی یو کے افسران کی جانب سے چیک بھی کیا جانا ضروری ہے، چینی شہریوں کی سیکیورٹی اقدامات میں کمی یا خامی اور گیپس کوچیک کیا جانا وقت کا تقاضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خلا ختم کرنے کے لیے قانون اورایس او پی کے تحت اقدامات کیے جائیں، چینی باشندوں کو سیکیورٹی شکایات پیش آنے کی صورت میں فوری طور پر سینئر افسران چیک کریں اور مسئلے کا حل یقینی بنائیں۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ چینی شہری سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر درپیش مسائل کے لیے سندھ پولیس سے رجوع کرتے ہیں، چینی سرمایہ کاروں کو ایس او پی کے تحت محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔