لاہور:
پنجاب پولیس نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران خوارجی دہشت گردوں کے 31 حملے ناکام بنائے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی جی خان میں 22، میانوالی میں 09 خوارجی حملے ناکام بنائے گئے، 43 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، کارروائیوں کے دوران 15 پولیس افسران و اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ بارڈر ایریاز کی پولیس چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، سرحدی پولیس چوکیوں پر جدید تھرمل امیجنگ کیمرے، گنز، سرویلنس آلات نصب کیے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹرائی بارڈر سرحدی تھانوں اور چوکیوں پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ، دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے، پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف فقید المثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔