لاہور: پنجاب بھر میں پولیس کے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی جا رہی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہداء پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کرکے یوم شہداء پولیس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس
یوم شہداء پولیس تقریبات میں آر پی او، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئیر پولیس افسران، شہداء پولیس کے اہل خانہ، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شہدا کی یادگاروں، پبلک سروس ڈلیوری سنٹرز سمیت مختلف مقامات پر شمعیں روشن کرکے شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 4 اگست کو یوم شہداء پولیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یوم شہداء پولیس کے حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ شہداء پولیس جرات و بہادری اور ملک و قوم سے وفا کے پیکر ہیں، شہداء پولیس کی فیملیز کی فلاح و بہبود اور ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔