پنجاب میں دھند اور اسموگ میں اضافے کے باعث موٹروےایم 2 لاہور سے کوٹ سرور تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروےپولیس سید عمران احمد کے مطابق سیالکوٹ موٹروے دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 4 بھی پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور موٹروےایم 3 سمندری سے درخانہ تک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
ترجمان موٹروے نے روڈ یوزرز کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں تیز رفتاری اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔