اسلام آباد:
پاک بحریہ نویں امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میزبانی کے لیے تیار ہے جو 7 سے 11 فروری تک منعقد کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امن 2025 کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ نیول چیفس اور کوسٹ گارڈز کے سربراہوں کا انٹرنیشنل امن ڈائیلاگ کا ہونا ہے۔ امن ڈائیلاگ میں دنیا بھر کی سینیئر عسکری قیادت علاقائی سلامتی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرے گی۔
مشق کے ساتھ ساتھ ہونے والے پہلے انٹرنیشنل امن ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے کم و بیش 120 وفود شرکت کریں گے۔
امن مشق 2025 میں دنیا بھر سے کم و بیش 60 ممالک اپنے بحری جہازوں، ہوائی جہازوں، اسپیشل سروسز گروپس اور مندوبین کے ساتھ شرکت کریں گے۔ چار ہزار سے زائد افراد کی اس عالمی بحری مشق اور ڈائیلاگ میں شرکت کی وجہ سے یہ اس خطے کی نمایاں ترین اور تاریخ ساز فوجی سرگرمی ہوگی۔
امن مشقیں 2007 سے ہر دو سال بعد منعقد کی جا رہی ہیں، سال 2023 میں ہونے والی آٹھویں امن مشقوں میں 50 ممالک نے شرکت کی۔ امن مشق کا مقصد علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینا ہے اور یہ ہاربر اور سمندر کے مرحلوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔
امن 2025 مشق کی افتتاحی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد کی جائے گی۔ امن مشق کے دوران پاک میرینز اور اسپیشل سروس گروپ (نیوی) کاؤنٹر ٹیررازم کے حوالے سے مہارت کا مظاہرہ بھی کریں گے۔ سمندر میں میری ٹائم جرائم کے خلاف مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی کی جائیں گیں۔
امن مشق کا اختتام؛ 11 فروری کو انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ ہوگا جس میں اعلیٰ ترین غیر ملکی اور ملکی شخصیات کریں گیں۔