پاکستان کوسٹ گارڈزنے بلوچستان کے علاقے اوتھل میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی غیرملکی شراب برآمد کر لی ہے جس کی مالیت تقریبا 2.5 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز اپنے فرائض منصبی کی ادا ئیگی کرتے ہو ئے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف برسرپیکار ہے۔گزشتہ روز پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی انٹیلی جنس ذرائع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اوتھل (بلوچستان) کے علاقے گڈانی میں کاٹنوں میں چھپائی گئی 575 بوتلیں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب اور582 کین بئیر کے برآمد کر لیے۔
خدشہ ہے کہ یہ شراب اندرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی، پکڑی جانے والی شراب کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 2.5 ملین روپے کے لگ بھگ ہے، مذکورہ شراب کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے ٹیم میں شامل آفیسرز اور جوانوں کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی منشیات اور غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معشیت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔