لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 15واں اجلاس ہوا جس میں تین میگاپراجیکٹس،اپنی چھت……اپناگھر،چیف منسٹر گرین ٹریکٹر اورچلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دے دی گئی جبکہ غیر قانونی اسلحہ اورپتنگ بازی پر سزائیں اورجرمانہ بڑھا دیاگیا۔
اجلاس میں پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹرمیڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے لئے ایم ڈی کیٹ پالیسی، صوبے کی پہلی پنجاب لائف انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ پلاٹ کے ملکیتی پیپر اورشناختی کارڈ کی کاپی پرہاؤسنگ لون جاری ہوگا۔ 15لاکھ روپے قرض لینے والے کو 9سال میں 14ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنی ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر لوننگ اسکیم کو ریوالونگ فنڈ میں تبدیل کردیا گیا اور عوام سے کوئی اضافی چارجزنہیں لیے جائیں گے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں،پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنائیں گے، پنجاب کے کاشتکاروں کو 30ہزار ٹریکٹر دینا چاہتے ہیں۔
کابینہ نے پنجاب میں گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت9500ٹریکٹر دینے، 50ایکڑ تک اراضی مالکان کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ کی سبسڈی دینے کی منظوری دے دی۔ 20ستمبر سے پروگرام کا آغازاور20اکتوبرکو قرعہ اندازی کی جائے گی۔
کابینہ نے چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی منظوری دے دی جبکہ پنجاب آرمز آرڈیننس 1965میں ترمیم کرکے جرم کو ناقابل ضمانت قرار دے دیا گیا۔
اجلاس میں غیر قانونی اسلحہ اورمینوفیکچرنگ وغیرہ پر سزا تین سے پانچ سال اورجرمانہ 5 سے 7 لاکھ کرنے، کائٹ فلاننگ آرڈیننس2001کے تحت پتنگوں کا سامان بنانے،ترسیل پر بھی سزائیں مقررکرنے کی منظوری دی گئی۔ کائٹ فلاننگ آرڈیننس کے تحت پتنگ بازی قید کی سزا، 2سے 5سال اور جرمانہ 20سے 50لاکھ تک ہوگا۔