وزیراعظم کی غیر ملکی کمپنیوں کو زراعت، برآمدات، صنعت کے فروغ کے حوالے سے ساتھ ملکر کام کرنے کی دعوت

وزیراعظم کی غیر ملکی کمپنیوں کو زراعت، برآمدات، صنعت کے فروغ کے حوالے سے ساتھ ملکر کام کرنے کی دعوت


وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاروں اور غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے، برآمدات بڑھانے، صنعت کے فروغ اور پاکستان میں مفید روزگار کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔

ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے دنیا بھر سے ڈیجیٹل مندوبین کا کانفرنس میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 11 سے زیادہ دوست ممالک کے آئی ٹی وزرا، ڈپٹی وزرا اور آئی ٹی ماہرین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی اثر رکھتی ہے، دودہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ہے، ہم نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں میرٹ پر نوجوانوں میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے، ورلڈ بینک کے پروگرام کے تحت دیہی معیشت بالخصوص ایگریکلچرسٹ کو ڈیجیٹائز کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ڈیجیٹل دنیا میں دستیاب بڑے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئیں جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے شرکا کے تعاون اور رہنمائی سے ہم اس قابل ہو جائیں گے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا میں نمایاں مقام حاصل کریں، ہم پہلے ہی اس شعبے میں بڑے پیمانے پر وفاقی اور صوبائی سطح پر آئی ٹی پارکس، انکیوبیشن سنٹر، تحقیق و ترقی کے مراکز اور تربیت سمیت مختلف منصوبوں پر عمل پیر اہیں۔

دنیا کی بہترین کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے پہلے سیف سٹی لاہور کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا گیاہے، چین کی کمپنی ہواوے کے ساتھ مل کر سالانہ 2 لاکھ طلبا و طالبات کو ہنرمندی کی تعلیم دے رہے ہیں۔

انہوں نے تمام سرمایہ کاروں اور نارتھ امریکا سمیت دیگر کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے، برآمدات بڑھانے، صنعت کے فروغ اور پاکستان میں مفید روزگار کو فروغ دینے کے حوالے سے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آج کی کانفرنس میں کئے گئے اعلانات اور عزم حوصلہ افزا ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان میں اپنےروسی شراکت دار کے ہمراہ 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کااعلان کرنے والے پاکستانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسی طرح پاکستانی فزیشنز اور دیگر کی جانب سے مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کے اعلانات کا بھی خیرمقدم کیا۔

انہوں نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیماالیحییٰ سمیت دیگر مہمانو ں کا خصوصی شکریہ ادا کرتےہوئے تمام شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ذاتی طور پر رہنمائی اور کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیر متزلزل اور انتھک کاوشوں سے پاکستان آئی ٹی کے شعبہ میں دنیا کی صف میں کھڑا ہوگا۔

 





Source link