اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی سلامتی پر اہم اجلاس جاری ہے، جس میں عسکری قیادت بھی شریک ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس جاری ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کررہے ہیں۔ اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت موجود ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اور سکیورٹی حکام بھی شریک ہیں۔ وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بھارتی جارحیت کے بعد ملک کی موجودہ صورت حال اور جوابی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کا جنگی جنون تھمنے کا کام نہیں لے رہا اور پنجاب و سندھ سمیت کئی علاقوں میں آج صبح جاسوسی کے لیے آنے والے متعدد بھارتی ڈرونز مار گرائے گئے ہیں جب کہ کئی مقامات پر دھماکے بھی سنے گئے۔
گجرانوالہ، لاہور، گھوٹکی اور کراچی کے علاقے ملیر میں ڈرونز مار گرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان میں گرائے جانے والا ڈرون اسرائیلی ساختہ Heron MK 2 ہے جو 35 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتا ہے۔
دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات بھارت نے ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کی جس کے دوران 25 ڈرونز گرا دیے گئے جب کہ حملوں میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔