اسلام آباد:
وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کلائمیٹ ایکشن گروپ کے ساتھ نائٹرک ایسڈ کی تخفیف کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
وزارت سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں جرمن سفارت خانے کی فرسٹ سیکریٹری اور جی آئی زیڈ پاکستان کے کوآرڈینیٹر نے شرکت کی ۔
وزیراعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان اس نوعیت کے معاہدے پر دستخط کرنے والا دنیا کا گیارھواں ملک بن گیاہے، پاکستان سمیت تیونس، ازبکستان اور زمبابوے نائٹرک ایسڈ سیکٹر میں سالانہ چار ملین ٹن سی او ٹو مساوی اخراج کو کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیرس معاہدے جیسے بین الاقوامی معاہدوں کے ساتھ گرین ہاؤس گیسزکے اخراج کو کم کیا جائے گا، معاہدے سے پاکستانی ادارے سات ملین یورو کی گرانٹ کے اہل ہوگئے ہیں اور اس سے فضائی آلودگی کا خاتمہ اور اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے سے بہتر صحت عامہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔